آج کی تاریخ

عظمیٰ بخاری کا تھیٹر سے فحاشی اور بیہودگی کے خاتمے کا عزم

لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ ان کا مقصد تھیٹر سے فحاشی اور بیہودگی کا خاتمہ کرنا ہے۔
ایک بیان میں عظمیٰ بخاری نے کہا کہ تھیٹرز کا ماحول ایسا ہونا چاہیے کہ جہاں خاندانوں کے افراد باہمی طور پر ڈرامے دیکھنے آئیں۔ انہوں نے بتایا کہ انہوں نے تھیٹر مالکان اور فنکاروں کو ایک سال کا وقت دیا تھا تاکہ وہ تھیٹرز کو فیملی فرینڈلی بنائیں، اور تمام تھیٹر مالکان اور فنکاروں نے اس بات کی ضمانت دی کہ وہ تھیٹرز کو فیملی تھیٹرز میں تبدیل کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جن لوگوں نے ایس او پیز کی خلاف ورزی کی ہے، ان کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے۔ عظمیٰ بخاری نے یہ بھی واضح کیا کہ وہ کسی کی دھمکیوں سے نہیں ڈرتیں اور نہ ہی کسی سے بلیک میل ہوں گی۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ تھیٹر سے بے حیائی کے خاتمے میں کسی کی سفارش قابل قبول نہیں اور اس کے لیے جلد ہی نئی قانون سازی کی جائے گی۔ آئندہ چند دنوں میں تھیٹر کی نئی پالیسی بھی تیار کی جائے گی۔
عظمیٰ بخاری نے یہ بھی کہا کہ تھیٹر کی بہتری کے لیے کیے گئے اقدامات پر عوامی ردعمل حوصلہ افزا ہے اور عوام بھی تھیٹر سے بے حیائی کے خاتمے کے خواہاں ہیں۔

شیئر کریں

:مزید خبریں