عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں سونے کی قیمت میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، اور آج یہ قیمت تاریخ کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق امریکا اور چین کے درمیان جاری تجارتی کشیدگی، اور عالمی سینٹرل بینکوں کی جانب سے سونے کی بڑے پیمانے پر خریداری نے سونے کی قیمت کو نئی بلندیوں تک پہنچا دیا ہے۔
امریکا کی جانب سے چینی مصنوعات پر ٹیرف میں 245 فیصد اضافے کے بعد تجارتی جنگ مزید شدت اختیار کر گئی ہے، جبکہ امریکی فیڈرل ریزرو کی جانب سے سود کی شرح میں کمی نہ کرنے کے اعلان نے مہنگائی اور معاشی کساد بازاری کے خدشات کو مزید بڑھا دیا ہے، جس کے باعث عالمی سطح پر غیر یقینی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔
ان عالمی حالات کے اثرات مقامی صرافہ بازار پر بھی نمایاں ہوئے، اور بدھ کے روز فی اونس سونے کی قیمت میں 19 ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد یہ 3,329 ڈالر تک پہنچ گئی۔
پاکستان میں فی تولہ 24 قیراط سونا 2 ہزار روپے مہنگا ہو کر 3 لاکھ 50 ہزار روپے کی تاریخی سطح پر جا پہنچا، جبکہ 10 گرام سونا 1,715 روپے اضافے کے بعد 3 لاکھ 68 ہزار روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔
دوسری جانب چاندی کی قیمت میں کمی دیکھی گئی، فی تولہ چاندی 59 روپے کمی کے بعد 3 ہزار 401 روپے اور 10 گرام چاندی 51 روپے کمی کے ساتھ 2 ہزار 915 روپے پر آ گئی ہے۔
