آج کی تاریخ

سعودی شہریوں کے لیے ویزا فری انٹری، محسن نقوی کی سعودی سفیر سے ملاقات

اسلام آباد میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید احمد المالکی کے درمیان اہم ملاقات ہوئی، جس میں دوطرفہ تعاون، باہمی تعلقات کے فروغ اور دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سعودی سفارتخانے (ڈپلومیٹک انکلیو) آمد پر سفیر نے وزیر داخلہ کا گرمجوشی سے استقبال کیا۔ ملاقات کے دوران محسن نقوی نے سعودی حکومت کا پاکستان کی معاشی اور سماجی معاونت پر شکریہ ادا کیا۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ سعودی شہریوں کو پاکستان آنے کے لیے ویزا کی ضرورت نہیں، وہ جب چاہیں پاکستان کا سفر کر سکتے ہیں۔ محسن نقوی نے مزید کہا کہ انسداد منشیات اور انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے سعودی عرب کے ساتھ تعاون مزید مضبوط کرنا چاہتے ہیں۔ پاک گلف تعاون کونسل کانفرنس میں سعودی وفد کی شرکت پر بھی انہوں نے اظہار تشکر کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ غیر قانونی امیگریشن اور پیشہ ور بھکاریوں کی روک تھام کے لیے پاسپورٹ جاری کرنے کی نئی شرائط متعارف کرائی جا رہی ہیں، اور بھکاری مافیا کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔
وزیر داخلہ نے سعودی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ منشیات کیس میں بے گناہ پاکستانی خاندان کی رہائی میں سعودی حکام کا تعاون قابلِ ستائش رہا، اور انہی کی مدد سے پانچ افراد کی وطن واپسی ممکن ہوئی۔
سعودی سفیر نواف المالکی نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان کے ساتھ برادرانہ تعلقات مزید مضبوط بنانا چاہتے ہیں، دونوں ممالک کے درمیان قربت ہر سطح پر قائم ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں