سروے رپورٹ: پنجاب حکومت کی کارکردگی سے 62 فیصد شہری مطمئن

انسٹی ٹیوٹ فار پبلک اوپینین ریسرچ نے پنجاب حکومت کی کارکردگی پر ایک جامع عوامی سروے رپورٹ جاری کی ہے۔
اس سروے میں پنجاب کے 36 اضلاع سے 6 ہزار سے زائد شہریوں کی آراء کو شامل کیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق، صوبے کے 62 فیصد شہری پنجاب حکومت کی کارکردگی سے مطمئن نظر آئے، جنہوں نے تعلیم، صحت، انفرا اسٹرکچر اور امن و امان کے شعبوں میں حکومت کی کارکردگی کو سراہا۔
تاہم، روزگار کی کمی کے حوالے سے 63 فیصد افراد نے صوبائی حکومت کی کارکردگی پر مایوسی کا اظہار کیا۔
سروے میں شامل 57 فیصد شہریوں کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال کے مقابلے میں گورننس میں بہتری آئی ہے، جبکہ 17 فیصد نے حالات کو مزید خراب قرار دیا۔ 24 فیصد افراد نے کہا کہ گورننس میں کوئی واضح فرق نہیں آیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی کارکردگی سے متعلق سروے میں بتایا گیا کہ 59 فیصد شہری ان کی کارکردگی سے مطمئن، 16 فیصد ناراض، اور 24 فیصد نے ان کی کارکردگی کو قابلِ قبول قرار دیا۔
اسی طرح، 57 فیصد شہریوں کا ماننا تھا کہ مریم نواز نے گزشتہ ایک سال میں صوبے کے اہم عوامی مسائل اور گورننس کے چیلنجوں کو مؤثر انداز میں حل کیا، جبکہ 36 فیصد نے انہیں ان مسائل کے حل میں ناکام قرار دیا۔
یہ سروے رپورٹ پنجاب حکومت کی کارکردگی کے حوالے سے عوامی رائے کی عکاسی کرتی ہے، جو صوبے میں ترقیاتی اقدامات اور عوامی فلاح و بہبود کی حکمت عملیوں کے لیے رہنمائی فراہم کر سکتی ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں