ملتان (سٹاف رپورٹر) خواتین یونیورسٹی ملتان میں وائس چانسلر ہاؤس پر قابض سابق رجسٹرار ڈاکٹر قمر رباب کے حوالے سے معلوم ہوا ہے کہ انہوں نے یونیورسٹی کے قوانین میں ردوبدل کرکے بطور سیکرٹری سینڈیکیٹ ان ترمیم شدہ قوانین کو سنڈیکیٹ سے منظور کروا کر وائس چانسلر کی رہائش گاہ اپنے نام کروا لی اور خالی کرنے کے نوٹس کے باوجود قبضہ نہیں چھوڑا اور بدستور قابض ہیں۔ تفصیل کے مطابق کالج سے یونیورسٹی بننے کے بعد ایک پی سی ون دیا گیا تھا جس میں سٹاف کالونی میں ملازمین کے لیے فلیٹس رکھے گئے مگر اس وقت کی رجسٹرار ڈاکٹر قمر رباب نے 1 تا 16 گریڈ کے لیے کوئی فلیٹس اوپن نہیں کروائے اس کے بعد انہوں نے رہائشی کالونی کے سٹیچوز بنوائے جب انہوں نے دیکھا کہ انہوں نے گھر لینا ہے مگر وہ خود سٹیچوز پر پورا نہیں اتر رہیں تو انہوں نے اس میں تبدیلیاں کروائی اور پھر ہی خود بطور سیکرٹری سینڈیکیٹ ان ترامیم کی سنڈیکیٹ سے منظوری کروا کر وائس چانسلر ہاؤس پر قابض ہو گئیں۔ انہوں نے وائس چانسلر ہاؤس کے سٹیٹس میں تبدیلی کو بطور رجسٹرار/سیکرٹری سینڈیکیٹ سے یہ منظور کروا لیا کہ وائس چانسلر ہاؤس خالی ہونے کی صورت میں کوئی بھی پروفیسر وہ رہائش گاہ لے سکتی ہیں۔ اب چونکہ نئی ریگولر وائس چانسلر ڈاکٹر فرخندہ یونیورسٹی جوائن کر چکی ہیں مگر وائس چانسلر ہاؤس پر ڈاکٹر قمر رباب بدستور قابض ہیں چنانچہ وائس چانسلر کے رہنے کے لیے یونیورسٹی میں کوئی جگہ نہ ہے۔ متعدد بار زبانی مطلع کئے جانے کے بعد پرو وائس چانسلر ڈاکٹر کلثوم پراچہ کی ہدایات پر اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے ان کو نوٹس بھی دے دیا گیا کہ 10 دن میں وی سی ہائوس خالی کر دیں مگر دس دن گزر جانے کے باوجود ڈاکٹر قمر رباب تاحال وائس چانسلر ہاؤس پر قابض ہیں اور وہ یہ گھر خالی نہیں کر رہیں۔ اس بارے میں موقف کے لیے جب ڈاکٹر قمر رباب سے بذریعہ پی آر او رابطہ کیا گیا تو ان کا موقف تھا کہ یونیورسٹی اپنے فیکلٹی ممبران کے لیے ایک معاون ماحول فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے، جس میں فیکلٹی رہائش سے متعلق منصفانہ اور شفاف پالیسیاں بھی شامل ہیں۔ یہ پالیسیاں ادارہ کی ترجیحات اور عملے کی فلاح و بہبود کے درمیان توازن پیدا کرنے کے لیے وضع کی گئی ہیں اور انتظامیہ اس بات کو یقینی بنانے کے لیے تعمیری انتظامات کر رہی ہے جو یونیورسٹی کے قواعد و ضوابط اور فیکلٹی کی ضروریات سے ہم آہنگ ہوں۔ ان سے پوچھا گیا کہ کیا میڈم ڈاکٹر قمر رباب نوٹس کے بعد وائس چانسلر ہاؤس خالی کر چکی ہیں؟ اور وائس چانسلر جیسے ہی یونیورسٹی آئیں گی تو ان کی رہائش کا کیا بندوبست کیا گیا ہے؟ تو ان کا کہنا تھا کہ وہ پراسس میں ہے۔
