آج کی تاریخ

حکومت پنجاب کی ٹیکس کٹوتی سے متعلق نئی ترمیم متعارف، سخت اقدامات کا اعلان

لاہور: حکومت پنجاب نے سرکاری و نجی اداروں میں ملازمین کی تنخواہوں سے ٹیکس کٹوتی کے لیے نئی ترمیم متعارف کروا دی ہے، جس کے تحت ٹیکس کی بروقت وصولی اور جمع کرانے کو یقینی بنانے کے لیے سخت اقدامات کیے جائیں گے۔

نئی ترمیم کے مطابق، ہر سرکاری یا نجی ادارے کا ڈسٹری بیوٹنگ افسر (Disbursing Officer) اس بات کا پابند ہوگا کہ وہ ملازمین کی تنخواہوں سے ٹیکس کی کٹوتی کرے اور مقررہ وقت پر سرکاری خزانے میں جمع کروائے۔ اگر کوئی افسر اس عمل میں غفلت برتتا ہے یا ٹیکس وصول کرکے خزانے میں جمع نہیں کرواتا، تو اسے اس رقم کی خود ادائیگی کرنا ہوگی۔

حکومت نے واضح کیا ہے کہ اگر ٹیکس جمع نہ کروایا گیا تو محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن فوری کارروائی کرے گا اور متعلقہ افسران کے خلاف وصولی کا حکم جاری کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ، قصوروار افسران کے خلاف مزید قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔

محکمہ ایکسائز کے حکام کا کہنا ہے کہ اس ترمیم کا مقصد ٹیکس کے نظام کو مؤثر بنانا اور سرکاری خزانے میں بروقت آمدنی کو یقینی بنانا ہے۔ حکومت پنجاب نے تمام اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس قانون پر سختی سے عمل کریں اور کسی بھی قسم کی کوتاہی یا غفلت کی صورت میں سخت کارروائی کا سامنا کرنے کے لیے تیار رہیں۔

شیئر کریں

:مزید خبریں