آج کی تاریخ

حج 2025: سندھ میں حاجیوں کی سہولت کے لیے خصوصی اقدامات

کراچی: حج 2025 کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں، اور اس سلسلے میں حج ڈائریکٹوریٹ نے مختلف اقدامات کیے ہیں۔ وزارت مذہبی امور نے حیدرآباد میں عارضی حاجی کیمپ قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ عزامِ حج کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
ترجمان ڈائریکٹوریٹ حج کراچی کے مطابق، حجاج کرام کی امیگریشن پاکستان کے ایئرپورٹ پر ہی مکمل کی جائے گی، جس کے بعد وہ سعودی عرب پہنچ کر براہ راست اپنی رہائش گاہوں میں منتقل ہو جائیں گے۔
حج 2025 کے لیے حج آگاہی تربیتی پروگرام کا دوسرا مرحلہ سندھ کے چھ اضلاع اور حاجی کیمپ کراچی کے تحت منعقد ہوگا، جہاں 8 سے 13 اپریل 2025 تک 3,446 عزامِ حج کو تربیت دی جائے گی۔
اسی طرح، حاجی کیمپ کراچی میں 13 سے 21 اپریل 2025 تک مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے تقریباً 13,834 حجاج کو تربیتی سیشنز فراہم کیے جائیں گے۔
مزید برآں، فقہ جعفریہ/شیعہ مسلک کے تقریباً 500 حجاج کے لیے 22 اپریل 2025 کو بوائے اسکاوٹس ہیڈکوارٹر، کراچی میں خصوصی تربیتی سیشن کا اہتمام کیا جائے گا۔
اس سال پہلی بار حیدرآباد اور اس کے گردونواح کے حجاج کے لیے ایک عارضی حاجی کیمپ قائم کیا جائے گا، تاکہ ان کے سفری اور تربیتی انتظامات کو مزید سہل بنایا جا سکے۔
ان تربیتی پروگراموں کے ذریعے مجموعی طور پر 14,834 عزامِ حج کو مناسک حج اور سفری امور سے آگاہ کیا جائے گا، تاکہ وہ اپنی روحانی عبادات کو بہتر انداز میں انجام دے سکیں۔

شیئر کریں

:مزید خبریں