جہانیاں(تحصیل رپورٹر،کرائم رپورٹر)پنجاب پولیس کی صوبہ بھر میں رٹ مضبوط ہوتے ہوئے اب سکول جانے والے طلبا و طالبات تک بھی اپنی گرفت بنانے اور خوف قائم کرنے میں کامیاب ہو گئی ۔پنجاب پولیس کے عمومی رویے اور اس کامیاب رٹ کا مظاہرہ اس وقت سامنے آیا جب جہانیاںمیں گزشتہ دوپہر 12 بج کر 45 منٹ پر حوالاتیوں کو عدالت سے ریمانڈ کے بعد واپس تھانے لے جانے والی پولیس کی گاڑی خراب ہو گئی تو حوالاتیوں کے ساتھ ڈیوٹی دینے والے پولیس اہلکاروں نے اسی وقت ایک سکول سے بچوں کو گھر لے جانے والے رکشے کو روکا، اسے خالی کرایا اور تمام بچوں کو سڑک کنارے کھڑا کر کے خطرناک ملزمان کے منہ پر شاپنگ بیگ اور آٹے کے تھیلے چڑھا کر انہیں رکشے میں بٹھایا اور تھانہ جہانیاں لے آئے ۔ کسی پولیس اہلکار کو اتنی اخلاقی توفیق نہ ہوئی کہ وہ سکول سے گھر جانے والے بچوں کو کسی دوسرے رکشے کو روک کر اس میں بٹھا دیتا۔ یہاں یہ امر بھی توجہ طلب ہے کہ یہ واقعہ دوپہر کے وقت پیش آیا جب بچے سکول سے اپنے اپنے گھروں کو واپس جا رہے تھے۔ اب کسی عام رکشے والے کو تو ایک ایک بچے کے گھر کا علم نہیں ہو سکتا ۔کسی شہری نے اس اخلاقی تنزلی کی ویڈیو بنائی جس میں صاف دکھائی دے رہا ہے کہ بچے سڑک کنارے رش میں خوفزدہ ہو کر خاموشی سے کھڑے ہیں اور ملزمان کو ان سے رکشہ خالی کرا کر اس میں بٹھایا جا رہا ہے ۔ دوسری ویڈیو میں وہی ملزمان تھانے میں اسی رکشے سے اترتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔ سڑک کنارے کھڑے بچے کس طرح گھروں تک پہنچے اس سے ہماری پنجاب پولیس کوکوئی سروکار نہیں۔ محکمہ پولیس خانیوال کوبڑے بجٹ دینےکے باوجود جہانیاں پولیس کی سرکاری گاڑیاں سڑکوں پر خراب ہونے لگی ہیں، پولیس موبائل کچہری روڈ ہائوسنگ سکیم میں سڑک کے درمیان خراب ہوگئی پولیس موبائل کو ٹریکٹر کے ذریعے دھکا لگاکر لیجایا مگر وہ زیادہ دور نہ جاسکی ۔پولیس موبائل کو دھکا لگانے کی فوٹیج منظر عام پر آگئی۔ پولیس موبائل خراب ہونے اور خطرناک ملزمان کوسکول رکشہ پر منتقل کرنے پر شہریوں میں تشویش کی لہر پائی جارہی ہے۔ذرائع کے مطابق محکمہ پولیس خانیوال کے اکائونٹ آفس سے سرکاری گاڑیوں کی مرمت ،پٹرول ڈیزل کےنام پر ہر ماہ لاکھوں روپے فنڈز دئیے جاتے ہیں مگر دیکھ بھال نہ ہونے اور ان ٹرینڈ ڈرائیوروں کے استعمال سے گاڑیاں تباہ ہورہی ہیں۔ ایس ایچ او جہانیاں سے موقف کے لئے رابطہ کیاگیا تو انہوں نے فون اٹینڈ نہ کیا۔ شہریوں نے آئی جی پنجاب آرپی او ملتان ڈی پی او خانیوال سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیاہے۔
