وفاقی وزارت توانائی کا کہنا ہے کہ وزیراعظم پاکستان کی جانب سے اعلان کردہ فی یونٹ بجلی کی قیمت میں 7.41 روپے کی کمی کا خصوصی رعایت اب بھی برقرار ہے۔
پاور ڈویژن کی طرف سے جاری کردہ وضاحت میں بتایا گیا ہے کہ ملک میں اس عرصے کے دوران کم ترین پن بجلی پیداوار اور مہنگے فیول سے بجلی پیدا کرنے والے پلانٹس کے باعث فیول لاگت میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔
اسی صورتحال کے پیش نظر وزارت توانائی نے تمام صوبائی حکومتوں اور متعلقہ وفاقی اداروں کو توانائی کی بچت کے بلڈنگ کوڈز پر عمل کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ موسم گرما اور سخت سردیوں میں بجلی کے بلوں میں کمی لائی جا سکے۔
اس کے علاوہ حکومت جلد ہی کم بجلی خرچ کرنے والے جدید پنکھے، جو 70 فیصد تک بجلی کی بچت کرتے ہیں، بلاسود اقساط پر فراہم کرنے کا ارادہ رکھتی ہے، تاکہ پرانے پنکھوں کی جگہ لے کر بجلی کے بلوں میں واضح کمی کی جا سکے۔
