آج کی تاریخ

جامعہ زکریا ؛وی سی کی برسوں پرانے اشتہارات پرغیر قانونی بھرتی کی تیاری،کل سلیکشن بورڈ

ملتان (میاں غفار سے) بہا الدین زکریا یونیورسٹی ملتان کے نئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد زبیر اقبال کو پرانی انتظامیہ نے اندھیرے میں رکھتے ہوئے غیر قانونی طور پر 2017، 2018، 2019، 2020 ،2021 اور یکم مارچ 2022 سے پرانے اخبار اشتہار پر ہائر ایجوکیشن کمیشن کے جاری کردہ خط نمبری Coord/HEC/01/2020-10 کے برعکس پروفیسر گریڈ 21 اور ایسوسی ایٹ پروفیسر گریڈ 20 کے لئے بھرتیاں کرنے کیلئے راضی کر لیا۔ جس سے پسندیدہ افراد کا تو فائدہ ہو گا تاہم اس عرصے کے دوران میرٹ پر پورا اترنے والے بہت سے اساتذہ محروم رہ جائیں گے جبکہ ہائر ایجوکیشن کمیشن کی جانب سے یکم مارچ 2024 کے جاری کردہ نو ٹیفکیشن کے تحت واضح تنبیہ کی گئی تھی کہ جو اسامیاں یکم مارچ 2022 سے پہلے مشتہر کی گئی تھیں ان کے لیے سلیکشن بورڈ کا عمل 30 جون 2024 تک لازمی عمل میں لایا جائے اور اگر اس تاریخ تک عمل میں نہ لایا گیا تو وہ اسامیاں بھی منسوخ تصور ہوں گی اور نوٹیفکیشن میں یہ بھی واضح طور پر لکھا گیا کہ اگر خلاف قانون متعلقہ بھرتیاں عمل میں لائی گئیں تو ہائر ایجوکیشن کمیشن ان غیر قانونی بھرتیوں کی ہرگز توثیق نہیں کرے گا اس تاریخ میں فیڈریشن آف آل پاکستان یونیورسٹیز اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن کی سفارش پر 2 ماہ کا مزید اضافہ بھی کیا گیا تھا جو کہ 31 اگست 2024 تک قابل عمل تھا تاہم وائس چانسلر ڈاکٹر محمد زبیر اقبال نے پرانی انتظامیہ، اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن اور اساتذہ کے سیاسی گروپوں کی طرف سے سخت ترین دباؤ میں آنے کے بعد ہتھیار ڈالتے ہوئے ان غیر قانونی بھرتیوں کا سلیکشن بورڈ 21 فروری 2025 بروز جمعہ کو منعقد کروانے کا فیصلہ کیا ہے جو کہ قانونی پیچیدگیوں کے باعث غیر قانونی قرار دیا جا سکتا ہے۔ یاد رہے کہ اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن کی حلف برداری کی تقریب کے دوران پچھلے جنرل سیکرٹری اے ایس اے نے سابق وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد علی کو واضح الفاظ میں سلیکشن بورڈ کے انعقاد سے منع کیا تھا جس کے بعد سابق وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد علی یکم مارچ 2022 سے پرانی مشتہر اسامیوں کا کوئی سلیکشن بورڈ عمل میں نہ لائے تھے یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ انتظامیہ کے پریشر پر غیر قانونی کاموں کی وجہ سے ایک وائس چانسلر ہتھکڑی لگوا کر جیل بھی جا چکے ہیں اور دوسرے وائس چانسلر معطل بھی ہو چکے ہیں جبکہ ایک اور وائس چانسلر نے تنگ آکر خودکشی کی بھی کوشش کی تھی۔ ماضی کے ان خطرناک واقعات کے باوجود رجسٹرار آفس کے ڈیڑھ ماہ پہلے قائم مقام کے طور پر تعینات ہونے والے رجسٹرار اعجاز احمد کی جانب سے وائس چانسلر کو گمراہ کرنا ایک سوالیہ نشان ہے۔ہائر ایجوکیشن کمیشن کے لیٹر کے مطابق یکم مارچ 2022 سے پرانے اخبار اشتہار جن پر جون 2024 تک تعیناتی مکمل نہ ہو سکی تھی غیر قانونی قرار پا چکے ہیں مگر اس کے باوجود بہا الدین زکریا یونیورسٹی ملتان کی جانب سے سلیکشن بورڈ کے ایجنڈے میں شامل سیریل نمبر 2 جو کہ 2017 میں اخبار اشتہار جاری کیا گیا تھا اور سیریل نمبر 3 تا 7 کے اخبار اشتہار 2019 میں جاری کیے گئے تھے جبکہ سیریل نمبر 8 سے سیریل نمبر 21 کے اخبار اشتہار 2020 میں جاری کیے گئے تھے اور سیریل نمبر 22 سے سیریل نمبر 86 تک کے اخبار اشتہار 2021 میں جاری کیے گئے تھے۔ چنانچہ ان تمام سیریل نمبر پر تعیناتیاں ہائر ایجوکیشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ لیٹر نمبر Coord/HEC/1/2020-10 کے سراسر منافی ہیں اور ان تمام سیریل نمبر پر تعیناتیوں کی بابت وائس چانسلر بہاالدین زکریا یونیورسٹی ملتان ڈاکٹر زبیر اقبال کو سابق وائس چانسلر حضرات کی طرح قانونی پیچیدگیوں اور کاروائیوں کا بھی سامنا کرنا پڑ سکتا ہے اس بارے میں موقف کے لیے جب بہا الدین زکریا یونیورسٹی ملتان کے پی آر او ڈاکٹر بنیامین سے رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ سب کچھ پالیسی کے تحت کیا جائے گا اور تمام تر فیصلے ایچ ای سی پالیسی کے مطابق ہوں گے۔البتہ ایچ ای سی پالیسی کو اختیار یا نہ اختیار کرنے کا تمام تر اختیار یونیورسٹی سینڈیکیٹ کو حاصل ہے۔ اوپر دی گئی ایچ ای سی پالیسی کو یونیورسٹی سینڈیکیٹ نے adopt نہیں کیا۔مزید یہ کہ جامعات خود مختار ادارے ہیں اور ہر یونیورسٹی کا سنڈیکیٹ مستند اتھارٹی ہے۔ ایچ ای سی کی پالیسیاں عمومی طور پر تمام اداروں کے لیے جنرل ہیں لیکن یہ ضروری نہیں کہ ہر صورت میں adopt کی جائیں۔ بہاالدین زکریا یونیورسٹی ملتان کے رجسٹرار اعجاز احمد سے رابطہ کیا گیا ہے تو ان کا کہنا تھا کہ یہ لیٹر سینڈیکیٹ میں رکھا گیا تھا مگر سینڈیکیٹ نے اسے adopt نہیں کیا۔ جب ان کو یاد دلایا گیا کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن ایک ریگولیٹری اتھارٹی ہے۔ آپ اس کے خلاف کوئی فیصلہ نہیں کر سکتے تو ان کا کہنا تھا کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے خط میں واضح طور پر لکھا ہے کہ ایچ ای سی نے recommendation دی ہے۔ ہدایات نہیں دیں۔ اس لیے سنڈیکیٹ نے اسے adopt نہیں کیا۔ یاد رہے کہ 21 فروری 2025 کو منعقد ہونے والے سلیکشن بورڈ میں چیئرمین سلیکشن بورڈ ڈاکٹر محمد زبیر اقبال وائس چانسلر بہاؤ الدین زکریا یونیورسٹی ملتان، لاہور ہائی کورٹ لاہور کے جسٹس سید شہباز علی رضوی، محمد شعیب طارق وڑائچ ممبر پنجاب پبلک سروس کمیشن پروفیسر ڈاکٹر نعیم طارق نوریجو وائس چانسلر یونیورسٹی اف بلتستان سکردو ، اور ڈاکٹر طلعت نصیر پاشا پروفیسر ایمرٹس کے علاوہ دیگر ممبران شامل ہیں۔

شیئر کریں

:مزید خبریں