ملتان (سٹاف رپورٹر) اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کی ابتر مالی حالت اور ٹیچنگ سٹاف و عملے کو تنخواہیں دینے کی انوکھی منطق سامنے آ گئی ہے ۔ ہر ماہ ایک نئے فارمولے کے مطابق تنخواہوں کی ادائیگی سے ملازمین اور ان کی فیملیز سخت ذہنی اذیت کا شکار ہیں اور ناکام حکومتی پالیسیوں کی وجہ سے گزشتہ دو سال سے اسلامیہ یونیورسٹی ایڈیشنل چارج کے طور پر انتظامی امور کو چلا کر یونیورسٹی کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا گیا ہے۔ نئے طے شدہ فارمولے کے مطابق اسلامیہ یونیورسٹی کے 5000 ملازمین میں سے گریڈ 16 سے 21 کے یونیورسٹی ملازمین کو 75 فیصد تنخواہ یعنی دسمبر کی بقایا 25 فیصد اور جنوری کی آدھی تنخواہ جاری کی جائے گی جبکہ سکیل 1 سے 15 تک کے ملازمین کو مکمل تنخواہ ملے گی۔ سکیل 16 سے 21 تک کے ملازمین کی بقیہ تنخواہ 11 فروری بروز منگل کو ادا کی جائے گی۔ یاد رہے کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے وائس چانسلر کے انٹرویوکیلئے ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے امیدواروں کو 10 اور 11 فروری کو طلب کر رکھا ہے۔ یادرہے کہ اس سے قبل بھی وائس چانسلرز کے انٹرویوز میں بہاولپور کی اس یونیورسٹی کے وائس چانسلر کا انتخاب نہیں ہو سکا تھا۔
