اسلام آباد: چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ بھارت کی کسی بھی قسم کی عسکری مہم جوئی کا فوری، دوٹوک اور بلند سطح کا جواب دیا جائے گا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے ٹلہ فیلڈ فائرنگ رینج کا دورہ کیا، جہاں پاک فوج کی منگلا اسٹرائیک کور کی جانب سے “ایکسرسائز ہیمر اسٹرائیک” کے نام سے اہم جنگی مشق کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر آرمی چیف کو کور کمانڈر نے خوش آمدید کہا۔
مشق کا مقصد میدانِ جنگ جیسی حقیقی صورتحال میں پاک فوج کی تیاریوں، افواج کے درمیان ہم آہنگی اور جدید ٹیکنالوجی کے عملی استعمال کو جانچنا تھا۔ اس مشق میں طویل رینج آرٹلری، جنگی ہیلی کاپٹرز، فضائی قوت اور انجینئرنگ تکنیکوں کا مؤثر استعمال کیا گیا۔
بیان کے مطابق مشق کا مقصد میدان جنگ کی حقیقی صورت حال میں پاک فوج کی حربی تیاری، مشترکہ عملی ہم آہنگی اور جدید اسلحہ جاتی نظام کے عملی انضمام کا مظاہرہ تھا۔
مشق میں کثیرالجہتی فضائی طاقت، طویل فاصلے تک مار کرنے والی آرٹلری، جنگی ہیلی کاپٹرز اور جدید انجینئرنگ تکنیکوں کا کامیاب استعمال کیا گیا۔
بیان میں کہا گیا کہ تمام ہتھیاروں اور شعبوں سے تعلق رکھنے والے جوانوں نے زبردست ہم آہنگی، چابک دستی اور مہارت کے ساتھ مربوط مظاہرہ کیا۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے افسروں اور جوانوں کے بلند مورال، پیشہ ورانہ صلاحیت اور جنگی جذبے کو سراہا اور اس سے پاک فوج کی آپریشنل برتری کا عملی عکس قرار دیا۔
چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ بھارت کی کسی بھی قسم کی عسکری مہم جوئی کا فوری، دوٹوک اور بلند سطح کا جواب دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان علاقائی امن کا خواہاں ہے مگر قومی مفادات کے تحفظ کے لیے ہماری تیاری اور عزم غیر متزلزل ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایکسرسائز “ہیمر اسٹرائیک” پاک فوج کی مسلسل پیشہ ورانہ ترقی، جنگی حکمت عملی میں جدت اور تکنیکی جدیدیت کے سفر کی ایک اہم مثال ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اعلیٰ عسکری قیادت، فارمیشن کمانڈرز اور مختلف سروسز سے تعلق رکھنے والے معززین نے مشق کا مشاہدہ کیا۔