آج کی تاریخ

بھارت کی جنگی دھمکیاں، شرجیل میمن کا منہ توڑ جواب: پاکستان کا بچہ بچہ تیار ہے

کراچی: سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کا کہنا ہے کہ بھارت اگر جنگ کا خواب دیکھ رہا ہے تو یہ اس کی خودکشی ثابت ہوگا، پاکستان کے 25 کروڑ عوام اپنے وطن کے دفاع کے لیے تیار ہیں۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گزشتہ 20 سالوں میں بھارت کی دہشتگردی کے باعث 70 ہزار پاکستانی شہید ہوئے، جن میں بینظیر بھٹو بھی شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت ہمیشہ دنیا کے سامنے جھوٹ بولتا ہے، ہر الزام پاکستان پر تھوپ دیتا ہے لیکن کبھی کوئی ثبوت نہیں دیتا۔
شرجیل میمن نے مزید کہا کہ بھارت نے کراچی اور بلوچستان میں دہشتگردی کو ہوا دی، مقبوضہ کشمیر میں مظالم ڈھائے، ہزاروں کشمیری شہید اور لیڈرز کو قید کر رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اقلیتوں پر ظلم کر رہا ہے اور عالمی قراردادوں کی دھجیاں اڑا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ایٹمی طاقت ہے، ہمیں قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو نے ایٹمی ملک بنایا، ہماری فوج دنیا کی بہترین فوج ہے اور قوم کا ہر فرد دشمن کو جواب دینے کے لیے تیار ہے۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ بھارت کا میڈیا پر پابندیاں لگانا اس کے خوف کو ظاہر کرتا ہے، جبکہ پاکستان ایک پرامن اور خوددار ملک ہے۔ اگر کسی نے پاکستان پر میلی آنکھ ڈالی تو وہ ہمیشہ یاد رکھے گا۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر بھارت نے سندھ طاس معاہدے کو چھیڑا تو بلاول بھٹو کا بیان یاد رکھے: “اگر پانی نہیں بہا، تو پھر خون بہے گا۔”

شیئر کریں

:مزید خبریں