اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف نے بھارت کے ساتھ بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں سابق وزیر اعظم عمران خان کی فوری رہائی کا مطالبہ دہرایا ہے، اور موجودہ حکومت کو قومی قیادت سے محروم قرار دیا ہے۔
پی ٹی آئی کی سیاسی و کور کمیٹی کے مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اس وقت حساس دوراہے پر کھڑا ہے، اور بھارتی دھمکیوں کے باعث ملک بھر میں ہائی الرٹ نافذ کیا جا چکا ہے۔ ایسے میں قومی اتحاد اور مؤثر قیادت کی اشد ضرورت ہے، لیکن بدقسمتی سے ملک کی سب سے معتبر قیادت یعنی عمران خان پابندِ سلاسل ہیں، جبکہ حکومتی قیادت خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ بھارت مودی کی قیادت میں انتہا پسند نظریے آر ایس ایس کی سوچ پر گامزن ہے، جو نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کے امن کے لیے خطرہ ہے۔ پی ٹی آئی نے بھارتی تسلط پسندانہ عزائم کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے علاقائی استحکام کے لیے خطرناک قرار دیا۔
تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ بالاکوٹ کے ہیرو عمران خان آج بھی جیل کی سلاخوں کے پیچھے سے قومی خودمختاری کے تحفظ کی بات کر رہے ہیں۔ طویل قید، قانونی سہولتوں اور اہل خانہ سے ملاقات سے محرومی کے باوجود ان کا جذبہ اور قیادت کی صلاحیت غیر متزلزل ہے۔
اعلامیے میں عمران خان کا پیغام بھی شامل کیا گیا کہ “ہم امن کے خواہاں ہیں، لیکن اسے ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے۔”
پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ موجودہ حالات میں عمران خان کی رہنمائی ناگزیر ہے، کیونکہ ان کے پاس قوم کو جوڑنے، متحد کرنے اور دفاع وطن کے لیے صف بندی کرنے کی بھرپور صلاحیت ہے۔ انہیں خاموش رکھنا نہ صرف انصاف کے خلاف ہے بلکہ ملکی مفاد کے بھی منافی ہے۔
تحریک انصاف نے مطالبہ کیا کہ عمران خان کو فی الفور رہا کیا جائے تاکہ پاکستان ایک متحد قوم کی حیثیت سے اپنے دفاع کے لیے کھڑا ہو سکے۔
