آج کی تاریخ

بھارتی الزامات کا منہ توڑ جواب، پاکستان کو عالمی حمایت حاصل

وزیرِاعظم شہباز شریف اور نائب وزیرِاعظم و وزیرِخارجہ اسحاق ڈار نے خطے کی موجودہ کشیدہ صورتحال اور بھارتی الزامات کے تناظر میں عالمی رہنماؤں سے مشاورت کا آغاز کر دیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیرِاعظم شہباز شریف سے ترکیہ کے سفیر نے ملاقات کی، جس میں خطے کی موجودہ صورتحال اور بھارت کے منفی پراپیگنڈے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیرِاعظم نے کہا کہ بھارت، پہلگام واقعے کو بنیاد بنا کر پاکستان پر جھوٹے الزامات عائد کر رہا ہے تاکہ دنیا کی نظروں میں پاکستان کی انسداد دہشتگردی کی قربانیوں کو مشکوک بنایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان غیرجانبدار اور شفاف بین الاقوامی تحقیقات کے لیے ہر وقت تیار ہے، اور اس حوالے سے ترکیہ کا ممکنہ کردار قابلِ تعریف ہوگا۔
دوسری طرف اسحاق ڈار نے یونان اور سوئٹزرلینڈ کے وزرائے خارجہ سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، جس میں بھارت کے الزامات اور سندھ طاس معاہدے کی معطلی پر سخت ردعمل کا اظہار کیا گیا۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ بھارت کا رویہ خطے کے امن کے لیے خطرہ ہے اور پاکستان اپنے قومی مفادات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔
یونانی اور سوئس وزرائے خارجہ نے پاکستان کے مؤقف کی تائید کی اور غیرجانب دارانہ تحقیقات کی حمایت کا یقین دلایا۔
ادھر وزارتِ اطلاعات نے بھارتی پراپیگنڈے کو بے نقاب کرنے کے لیے ملکی و غیرملکی میڈیا کو لائن آف کنٹرول کا دورہ کرایا۔ میڈیا نمائندوں کو ان مقامات پر لے جایا گیا جنہیں بھارت مسلسل جھوٹے کیمپ قرار دیتا رہا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے اور بھارت کی طرف سے لگائے گئے الزامات بے بنیاد اور ناقابل قبول ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر بھارت نے جارحیت کی کوشش کی تو پاکستان ہر سطح پر موثر جواب دے گا۔

شیئر کریں

:مزید خبریں