آج کی تاریخ

بلاول بھٹو کو وزیر اعظم بنانا مشن ہے، گورنر پنجاب

لاہور: گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان کا کہنا ہے کہ اگرچہ وہ صوبے کے گورنر ہیں، مگر ان کی اولین شناخت پاکستان پیپلز پارٹی کے جیالے کی ہے۔
علماء، مشائخ اور پارٹی رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ کے حلقہ پی پی 52 میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں پیپلز پارٹی بھرپور تیاری کے ساتھ شرکت کرے گی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ وہ خود گلی گلی، محلے محلے جا کر انتخابی مہم کی قیادت کریں گے۔
گورنر پنجاب نے واضح کیا کہ پیپلز پارٹی اب کسی بھی جماعت کی اتحادی نہیں بلکہ عوام کی نمائندہ جماعت ہے۔ انہوں نے کہا کہ چاہے وہ پی ٹی آئی ہو یا مسلم لیگ (ن)، پیپلز پارٹی کسی کو سیاسی میدان کھلا نہیں چھوڑے گی۔
اس موقع پر انہوں نے اعلان کیا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری جلد پنجاب کا دورہ کریں گے، جہاں وہ پارٹی کی تنظیم نو کی نگرانی کریں گے اور کارکنان کو آئندہ کا لائحہ عمل دیں گے۔
کسانوں کے مسائل پر بات کرتے ہوئے سردار سلیم حیدر نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ کاشتکاروں کا ساتھ دیا ہے اور موجودہ حکومت سے مطالبہ کیا کہ گندم کی امدادی قیمت کسانوں کو مکمل طور پر ادا کی جائے، کیونکہ وہ شدید مالی دباؤ کا شکار ہیں۔
آخر میں گورنر پنجاب نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کو وزیرِاعظم بنانا ان کا مشن ہے اور پیپلز پارٹی پنجاب میں اپنا کھویا ہوا مقام ضرور واپس حاصل کرے گی۔

شیئر کریں

:مزید خبریں