آج کی تاریخ

بجلی سستی کرنے کے لیے اقدامات جاری، وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ بجلی کی قیمتوں میں مزید کمی کے لیے اقدامات جاری ہیں، اور عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے پیش نظر پیٹرول کے بجائے بجلی کو سستا کرنے کو ترجیح دی جائے گی۔
اسلام آباد میں اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ بجلی کی فی یونٹ قیمت میں کمی سے ہر شعبے کو فائدہ پہنچے گا، اور اس میں مزید کمی کے لیے کوششیں جاری ہیں۔ امید ہے کہ آنے والے مہینوں میں مزید مثبت نتائج حاصل ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں حالیہ کمی کو عوام کے فائدے کے لیے استعمال کرنے کی حکمت عملی بنائی جا رہی ہے، اور اس حوالے سے مختلف تجاویز پر غور کیا جا رہا ہے، جلد ہی کوئی مناسب آپشن طے کیا جائے گا۔
شہباز شریف نے وضاحت کی کہ کچھ ہفتے قبل پیٹرول کی قیمت میں کمی ہوئی تھی، لیکن اس کمی کو پیٹرولیم ڈیولپمنٹ لیوی (پی ڈی ایل) میں ایڈجسٹ کیا گیا، جبکہ بجلی کے نرخ کم کر کے عوام کو اس کا فائدہ دیا گیا۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ عالمی سطح پر پیٹرول کی قیمتوں میں ہونے والی کمی کے اثرات سے معیشت اور عوام کو فائدہ پہنچانے کے لیے سنجیدہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے میری ٹائم سیکٹر کی بہتری کے لیے قائم ٹاسک فورس کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس فورس نے سخت محنت کی ہے، اور اس کے نتیجے میں اس شعبے میں مثبت اصلاحات سامنے آ رہی ہیں۔

شیئر کریں

:مزید خبریں