آج کی تاریخ

ایمی ایوارڈ یافتہ “دی سمپسنز” کے مصنف اسٹیو پیپون انتقال کر گئے

امریکی اینیمیٹڈ سیریز ’’دی سمپسنز‘‘ کے معروف اور ایمی ایوارڈ یافتہ مصنف اسٹیو پیپون 68 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔
ان کی اہلیہ میری اسٹیفنسن نے ان کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ وہ طویل عرصے سے دل کے مہلک مرض کارڈیک ایمائیلوئیڈوسس میں مبتلا تھے۔ اسٹیو پیپون نے 1989 میں ’’دی سمپسنز‘‘ کے ساتھ اپنے کریئر کا آغاز کیا، جو اب تک دنیا کی سب سے کامیاب اور مقبول اینیمیٹڈ سیریز سمجھی جاتی ہے۔ 1991 میں ان کی لکھی ہوئی قسط “Homer vs. Lisa and the 8th Commandment” نے ایمی ایوارڈ حاصل کیا، جس نے انہیں عالمی شہرت دلائی۔ پیپون کی تحریریں صرف مزاح تک محدود نہیں تھیں، بلکہ انہوں نے کئی بار ایسی کہانیاں پیش کیں جو بعد میں حقیقت کا روپ دھارتی رہیں۔ 1993 میں ایک وبا کی پیشگوئی ہو یا 2021 میں اسپیس ٹورازم کی درست پیشن گوئی، ’’دی سمپسنز‘‘ کا مواد ہمیشہ زمانے سے آگے رہا۔
اسٹیو پیپون نے ’’روزین‘‘ اور ’’دی وائلڈ تھورن بیریز‘‘ جیسے دیگر مشہور شوز کے لیے بھی قابل قدر کام کیا۔ ان کے تحریر کردہ اسکرپٹس میں معاشرتی طنز، گہرے اخلاقی سوالات اور جدید رجحانات کی جھلک واضح دیکھی جاتی تھی۔
ان کی وفات امریکی ٹی وی انڈسٹری کے لیے ایک بڑا نقصان ہے۔ پیپون کی تخلیقات عالمی ثقافت پر انمٹ اثر چھوڑ گئیں، اور ان کا کام نسلوں تک یاد رکھا جائے گا۔

شیئر کریں

:مزید خبریں