اڈیالہ جیل کے دو ہیڈ وارڈرز کو کرپشن اور اختیارات کے ناجائز استعمال پر ملازمت سے برطرف کردیا گیا ہے۔
ڈی آئی جی جیل راولپنڈی ریجن عبدالرؤف رانا کی جانب سے جاری کردہ حکم نامے کے مطابق، ہیڈ وارڈر محمد ارشد اور محمد صفدر کو کرپشن میں ملوث پایا گیا۔ دونوں اہلکار اپنے دفاع میں کوئی تسلی بخش ثبوت پیش کرنے میں ناکام رہے۔
حکم نامے میں بتایا گیا ہے کہ قیدیوں نے دونوں ہیڈ وارڈرز کے خلاف شکایات درج کرائی تھیں۔ شکایات کے مطابق، ہیڈ وارڈرز قیدیوں کے کچن اور سرچ ڈیوٹی پر تعینات تھے اور انہیں قیدیوں سے رشوت لینے میں ملوث پایا گیا۔
مزید بتایا گیا کہ دونوں ہیڈ وارڈرز کے خلاف انکوائری جنوری 2025 میں شروع کی گئی تھی، جس کے بعد ثبوتوں کی بنیاد پر برطرفی کا فیصلہ کیا گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ محکمہ جیل خانہ جات کرپشن کے خاتمے کے لیے سخت اقدامات جاری رکھے گا تاکہ قیدیوں کے ساتھ منصفانہ سلوک کو یقینی بنایا جا سکے۔