آج کی تاریخ

اسرائیلی حملے میں درجنوں فلسطینی شہید، ملبے تلے زندگیاں مٹ گئیں

غزہ: اسرائیلی فضائی حملے میں غزہ کے علاقے شجاعیہ میں ایک رہائشی عمارت کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں بچوں سمیت کم از کم 38 فلسطینی شہید ہو گئے، جبکہ درجنوں زخمی اور لاپتہ ہیں۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق، غزہ کے مشرقی مضافات میں واقع ایک کثیر المنزلہ عمارت پر کیے گئے حملے میں 29 افراد موقع پر جاں بحق ہو گئے، جبکہ 80 افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔ طبی عملے کے مطابق قریبی مکانات بھی تباہ ہو گئے ہیں۔
دیگر علاقوں میں بھی اسرائیلی بمباری کا سلسلہ جاری رہا جس کے نتیجے میں مزید 9 فلسطینی شہید ہو گئے، یوں بدھ کے روز شہادتوں کی تعداد 38 ہو گئی۔ غزہ کی وزارت صحت کے مطابق، 18 مارچ کو جنگ بندی کے خاتمے کے بعد صرف تین ہفتوں میں 1500 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جن میں بڑی تعداد بچوں کی ہے۔ اکتوبر 2023 سے اب تک 50,800 سے زائد فلسطینی اپنی جانوں سے ہاتھ دھو چکے ہیں۔
اسرائیل نے غزہ کے مختلف علاقوں کے رہائشیوں کو انخلا کا حکم دیا ہے، جس پر خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ فلسطینیوں کو مستقل طور پر بے دخل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
دوسری جانب، قطر، مصر اور امریکا کی حمایت سے جنگ بندی کی کوششیں جاری ہیں، مگر ابھی تک کوئی نتیجہ سامنے نہیں آیا۔
اقوام متحدہ کی نمائندہ فرانسسکا البانیز نے پیرس میں ایک تقریب میں خبردار کیا ہے کہ اگر فوری کارروائی نہ کی گئی تو اسرائیل تشدد جاری رکھے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ نیتن یاہو پر جنگی جرائم کے مقدمات کا خطرہ ہے، اس لیے وہ حملے جاری رکھ کر احتساب سے بچنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

شیئر کریں

:مزید خبریں