جنوبی بھارتی فلم انڈسٹری کی مشہور اداکارہ کاجل اگروال نے سوشل میڈیا پر اپنی صحت و سلامتی کی تصدیق کرتے ہوئے ان افواہوں کی سختی سے تردید کی کہ وہ فوت ہو گئی ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بالی ووڈ کی فلم سنگھم میں اجے دیوگن کے ساتھ اداکارہ کے کردار کے لیے مشہور 40 سالہ کاجل اگروال نے سوشل میڈیا پر گردش کرتی ان افواہوں پر ردعمل دیا، جن میں کہا گیا کہ وہ ایک روڈ حادثے میں ہلاک ہو گئی ہیں۔
یہ بے بنیاد خبریں سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوئیں، جس پر پریشان ہو کر اداکارہ نے وضاحت کی کہ وہ مکمل طور پر صحت مند اور محفوظ ہیں۔
کاجل نے اپنے مداحوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ایسی خبروں پر یقین کرنے کے بجائے حقائق پر توجہ دینی چاہیے۔ انہوں نے مداحوں سے اپیل کی کہ وہ سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی جھوٹی اور غیر مصدقہ معلومات پر یقین نہ کریں اور تصدیق شدہ ذرائع سے ہی معلومات حاصل کریں۔
مداحوں نے کاجل اگروال کی تردید کے بعد اداکارہ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔








