آج کی تاریخ

اثاثے جمع نہ کرانے پر 24 سابق ارکان اسمبلی نااہل قرار

اسلام آباد:الیکشن کمیشن نے 24 سابق ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کو نااہل قرار دے دیا ہے۔
مالی سال 2022-23ء کے اثاثے اور گوشوارے جمع نہ کرانے کے معاملے پر الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کے 10، سندھ اسمبلی کے 7 اور بلوچستان اسمبلی کے 7 سابق ارکان کو نااہل قرار دیا۔ الیکشن کمیشن نے اثاثوں کی تفصیلات جمع نہ کرانے سے متعلق کیس کا فیصلہ جاری کیا، جس کے مطابق یہ ارکان جب تک اپنے اثاثوں کی تفصیلات جمع نہیں کرائیں گے، وہ عام انتخابات، ضمنی انتخابات اور سینیٹ انتخابات میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔
الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کے تحلیل شدہ ارکان خرم دستگیر خان، محسن نواز رانجھا اور محمد عادل کو نااہل قرار دیا۔ اسی طرح سابق ارکان قومی اسمبلی رانا محمد اسحاق خان، کمال الدین، عصمت اللہ، ثمینہ مطلوب، نصیبہ، شمیم آرا پنور اور روبینہ عرفان کو بھی نااہل قرار دیا۔ اس کے علاوہ سندھ اسمبلی کے سابق ارکان عدیل احمد، حزب اللہ بھگیو، ارسلان تاج حسین، عارف مصطفی جتوئی، عمران علی شاہ، علی غلام اور طاہرہ کو بھی نااہل قرار دے دیا گیا ہے۔
بلوچستان اسمبلی کے سابق ارکان میر سکندر علی، میر محمد اکبر، سردار یار محمد رند، عبدالرشید عبدالواحد صدیقی، میر حمال اور بی بی شاہینہ بھی نااہل قرار دیے گئے ہیں۔

شیئر کریں

:مزید خبریں