جنوبی پنجاب میں گزشتہ روز گرج چمک اور بارش کے دوران آسمانی بجلی گرنے کے واقعات پیش آئے، جن کے نتیجے میں 4 شہری جان کی بازی ہار گئے جبکہ کئی افراد زخمی ہو گئے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق جاں بحق ہونے والے افراد کا تعلق راجن پور اور بہاولپور سے تھا۔ اس افسوسناک صورتحال پر ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے، عرفان علی کاٹھیا نے متاثرہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز سے رابطہ کر کے زخمیوں کو فوری اور بہترین طبی امداد کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ جاں بحق افراد کے لواحقین کی مالی امداد کی جائے گی، اور انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرا دکھ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے عوام اور اداروں کے درمیان تعاون ناگزیر ہے۔
انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ خراب موسم میں گھروں کے اندر رہیں، اور کھلے مقامات پر جانے سے گریز کریں تاکہ اپنی جان کو خطرے سے بچا سکیں۔
