آج کی تاریخ

آذربائیجان کے سفیر کا وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات میں آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی پر مبارکباد

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف سے آذربائیجان کے پاکستان میں تعینات سفیر خضر فرہادوف نے ملاقات کی، جس میں انہوں نے آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی پر وزیراعظم اور پاکستانی عوام کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دی۔
وزیراعظم آفس کے اعلامیے کے مطابق ملاقات وزیراعظم ہاؤس میں ہوئی جہاں دونوں رہنماؤں کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم نے جنوبی ایشیائی تناؤ کے دوران پاکستان کے ساتھ بھرپور یکجہتی اور حمایت پر آذربائیجان کے صدر الہام علییوف اور برادر عوام کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ دونوں ممالک کے دیرینہ اور مضبوط تعلقات کی علامت ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستانی قوم آپریشن بنیان مرصوص کی تاریخی کامیابی پر اللہ کا شکر ادا کرتی ہے اور اپنی بہادر افواج پر فخر کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک پُرامن ریاست ہے اور اسی جذبے کے تحت جنگ بندی کے لیے آمادگی ظاہر کی گئی، لیکن کسی بھی ممکنہ جارحیت کا بھرپور جواب دینے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔
وزیراعظم نے آذربائیجان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صدر علییوف کا گزشتہ سال جولائی میں دورہ پاکستان تعاون کے ایک نئے دور کی بنیاد ہے، جس سے تجارت، معیشت اور سرمایہ کاری کو فروغ ملا ہے۔
انہوں نے فروری 2025 میں اپنے مجوزہ دورہ باکو کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ان برادرانہ تعلقات کو اقتصادی شراکت داری میں بدلنے کا خواہاں ہے۔
سفیر خضر فرہادوف نے جنوبی ایشیا میں قیام امن کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا اور وزیراعظم کو یقین دلایا کہ آذربائیجان تمام شعبوں میں باہمی مفاد پر مبنی تعاون کے لیے پرعزم ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں