اسلام آباد: آئندہ مالی سال 2025-26 کے بجٹ کی تیاری کے سلسلے میں آئی ایم ایف کا وفد کل پاکستان پہنچے گا۔
ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف ٹیم مجوزہ ٹیکس اصلاحات، ریونیو اقدامات اور سرکاری اخراجات میں ممکنہ کمی پر پاکستانی حکام سے مشاورت کرے گی۔ اس کے علاوہ ترقیاتی بجٹ کے حوالے سے بھی مذاکرات کیے جائیں گے۔
وفاقی حکومت کی جانب سے آئندہ مالی سال کا بجٹ جون کے پہلے ہفتے میں پیش کیے جانے کا امکان ہے، جس کی تیاری میں آئی ایم ایف کی تجاویز کو بھی شامل کیا جائے گا۔
وزارت خزانہ نے نئے مالی سال میں ایف بی آر کے ٹیکس ہدف کو بڑھاتے ہوئے محصولات کا تخمینہ 15 ہزار 270 ارب روپے مقرر کیا ہے، جو کہ رواں مالی سال کے مقابلے میں 2 ہزار 300 ارب روپے زیادہ ہے۔
گزشتہ مالی سال میں ایف بی آر کی ٹیکس وصولیاں 9 ہزار 311 ارب روپے رہی تھیں، جبکہ آئندہ مالی سال کے لیے براہ راست ٹیکس وصولی کا ہدف 6 ہزار 570 ارب روپے مقرر کیا گیا ہے، جو رواں مالی سال کے 5 ہزار 512 ارب روپے کے ہدف سے زیادہ ہے۔
